51

اجے دیوگن ماہیما چوہدری کو پسند کرتے تھے؟

ماہیما چوہدری جتنی زیادہ مشہور ہوئی تھیں اتنے ہی ان کے اسکینڈلز بھی منظرعام پر آئے تھے  فوٹوفائل

ماہیما چوہدری جتنی زیادہ مشہور ہوئی تھیں اتنے ہی ان کے اسکینڈلز بھی منظرعام پر آئے تھے فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ ماہیما چوہدری نے اجے دیوگن کے ساتھ تعلقات پر خاموشی توڑدی۔

اداکارہ ماہیما چوہدری کا شمار  90 کی دہائی کی بالی ووڈ کی سپر اسٹار اداکاراؤں میں ہوتا تھا۔ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’’پردیس‘‘ نے انہیں راتوں رات سپر اسٹار بنادیا تھا۔ تاہم ماہیما چوہدری جتنی زیادہ مشہور ہوئی تھیں اتنے ہی ان کے اسکینڈلز بھی منظرعام پر آئے تھے جن میں سے ایک مشہور اسکینڈل بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن کے ساتھ تعلقات کا تھا۔

ماہیما چوہدری اور اجے دیوگن نے 1999 میں فلم ’’دل کیا کرے‘‘میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ یہ فلم اجے اینڈ کاجول پروڈکشن ہاؤس کی فلم تھی اور اسی فلم کی شوٹنگ کے دوران دونوں کے درمیان تعلقات کی خبریں میڈیا پر پھیلی تھیں۔

حال ہی میں دئیے گئے ایک انٹرویو میں ماہیما چوہدری نے اپنے اور اجے دیوگن کے اسکینڈل کے بارے میں بات کی ہے اور اپنے اور اجے دیوگن کے درمیان تعلقات کی خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے ایک ہدایت کار کا کام قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے اسکینڈل کی خبریں اس وقت پھیلیں جب میرے ایکسیڈنٹ کے بعد اجے دیوگن ایک ہدایت کار کے سامنے میرے لیے کھڑے ہوگئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ماہیماچوہدری کا بنگلور میں فلم ’’دل کیا کرے‘‘کی شوٹنگ کے آخری روز  ایکسیڈنٹ ہوگیا تھا جس میں ان کے چہرے پر گہرے زخم آئے تھے۔ اس ایکسیڈنٹ کی وجہ سے ان کے صحت یاب ہونے تک  ان کی فلم کی شوٹنگ بھی روک دی گئی تھی۔ تاہم کچھ ڈائریکٹرز اپنی فلموں کی شوٹنگ روکنے کے لیے تیار نہیں تھے۔

فلم ’’دل کیا کرے‘‘ کے علاوہ ماہیما چوہدری ایک اور فلم میں مختصر کردار ادا کررہی تھیں اور اس فلم میں بھی اجے دیوگن ہیرو تھے۔ ایکسیڈنٹ کے بعد جب ماہیما چوہدری فلم کے سیٹ پر گئیں تو انہوں نے فلم کے ڈائریکٹر سے درخواست کی کہ چہرے کے زخموں کی وجہ سے وہ ان کے قریب کے شاٹ نہ لے ۔ پہلے تو ڈائریکٹر مان گیا لیکن بعد میں ان کے چہرے کے قریب سے شاٹس لینے لگا۔

ماہیما چوہدری نے بتایا کہ اجے دیوگن نے ڈائریکٹر کی اس حرکت کو نوٹس کرلیا تھا اور انہوں نے ماہیما سے پوچھا تم ابھی شوٹنگ کے لیے تیار نہیں ہو؟ جس پر اداکارہ نے کہا نہیں۔ تو اجے دیوگن نے ڈائریکٹر سے کہا ماہیما ابھی ابھی ایکسیڈنٹ سے ابھری ہے۔ فلم کی شوٹنگ کے لیے تھوڑا انتظار بھی کیا جاسکتا ہے  جس پر ڈائریکٹر نے کہا ماہیما کے نہ ہونے کی وجہ سے سیٹ کو ختم کرنا پڑے گا تو اجے دیوگن نے کہا کوئی بات نہیں۔

ماہیما چوہدری نے کہا اس وقت تو ڈائریکٹر وہاں سے چلا گیا لیکن بعد میں اس نے سب سے جاکر کہہ دیا کہ اجے دیوگن ماہیما چوہدری سے محبت کرتا ہے اور وہاں سے ہم دونوں کے درمیان تعلقات کی افواہیں گردش کرنے لگیں جو کہ سراسر غلط افواہیں تھیں۔

واضح رہے کہ 90 کی دہائی میں فلم ’’دل کیا کرے ‘‘کی شوٹنگ کے آخری روز اداکارہ ماہیما چوہدری کی کار ایک وین سے ٹکراگئی تھی جس کی وجہ سے ان کے چہرے پر گہرے زخم آئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں