55

بھارت میں پہلی بار یومیہ کورونا کیسز ایک لاکھ سے تجاوز

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 478 افراد ہلاک

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 478 افراد ہلاک

نئی دہلی: بھارت میں کورونا کی تیسری لہر نے خوفناک شکل اختیار کرلی ہے اور پہلی بار ایک دن میں ایک لاکھ سے زیادہ کورونا کے مثبت کیسز سامنے آگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملک میں 6 ماہ بعد کورونا کیسز میں نمایاں اضافہ ہوگیا اور ایک دن میں کورونا کے ایک لاکھ 3 ہزار 558 کیسز سامنے آگئے جس کے نتیجے میں مجموعی کیسز کی تعداد ایک کروڑ 25 لاکھ 89 ہزار 67 ہوگئی ہے۔ متاثرہ افراد میں بالی ووڈ اداکار اکشے کمار بھی شامل ہیں۔

بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے 478 افراد ہلاک ہوگئے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ لوگوں کی طرف سے ایس او پیز پر عمل نہ کرنا اس وبا کے پھیلاؤ کی بڑی وجہ ہے۔

بھارت میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹرا ہے جہاں 24 گھنٹوں میں 57 ہزار کورونا کیسز سامنے آئے جس میں سے ممبئی کے کیسز کی تعداد 11 ہزار سے زائد ہے۔ ریاستی حکومت نے رات کا کرفیو اور جمعے کی شام سے پیر کی صبح تک سخت لاک ڈاؤن لگادیا ہے۔

ادھر دہلی میں بھی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور ایک روز میں 4 ہزار کیسز ریکارڈ کیے گئے۔ اس سے قبل بھارت میں سب سے زیادہ کیسز 17 ستمبر 2020 کو ریکارڈ کیے گئے تھے جب ایک روز میں 97 ہزار ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ بھارتی حکومت نے جولائی 2021 تک 30 کروڑ آبادی کو کورونا ویکسین لگانے کا ہدف طے کیا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا کی وبا سے متاثرہ ممالک میں امریکا پہلے، برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں