19

سلمان خان نے کمال آر خان کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروادیا

فلمی تجزیہ نگاروں نے سلمان بھائی کی اس فلم کو مایوس کن قرار دیا ہے فوٹوفائل

فلمی تجزیہ نگاروں نے سلمان بھائی کی اس فلم کو مایوس کن قرار دیا ہے فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے سلو میاں نے اپنی فلم ’’رادھے، یور موسٹ وانٹڈ بھائی‘‘ کا ریویو کرنے کے لیے بھارتی فلموں کے تجزیہ نگار اور اداکار کمال آر خان المعروف کے آر کے کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کمال آر خان کے خلاف کیس ممبئی کی ایک مقامی عدالت میں درج کیا گیا ہے۔ دبنگ خان کی قانونی ٹیم نے پیر کے روز کمال آر خان کو نوٹس بھیجا تھا۔ رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر جمعرات کے روز سٹی سول کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج کے سامنے اس کیس کی فوری سماعت کی اپیل کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 100کروڑ کمانے والے سلمان ’رادھے‘ سے ایک لاکھ بھی نہ کماسکے

کمال آر خان نے سلو میاں کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس اور ہتک عزت کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے کہ میں یہ کئی بار کہہ چکا ہوں کہ میں کسی بھی پروڈیوسر اور اداکار کے نہ کہنے پر فلم ریویوز نہیں کرتا۔ سلمان خان نے فلم’’رادھے‘‘ کا ریویو کرنے پر میرے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ میرے ریویو نے انہیں بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ لہذا میں اب ان کی کسی فلم کا ریویو نہیں کروں گا۔

ایک اور ٹوئٹ میں کے آر کے نے کہا سلمان خان یہ ہتک عزت کا مقدمہ آپ کی مایوسی کا ثبوت ہے۔ میں فلموں کے ریویوز اپنے فالوورز کے لیے کرتا ہوں۔ آپ کو مجھے فلم ریویوز کرنے سے روکنے کے بجائے بہتر فلمیں بنانی چاہئیں۔ میں سچائی کے لیے لڑتا رہوں گا۔ کیس کے لیے شکریہ۔

واضح رہے کہ سلومیاں کی عیدالفطر کے موقع پر او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کی گئی فلم ’’رادھے‘‘ کو شائقین نے زیادہ پسند نہیں کیا۔ فلمی تجزیہ نگاروں کے ردعمل کو دیکھا جائے تو انہوں نے سلمان بھائی کی اس فلم کو مایوس کن قرار دیا ہے۔ جب کہ آئی ایم ڈی بی پر بھی فلم ریٹنگ 10 میں صرف 1.9 ہے جو کہ بہت ہی کم ہے۔

فلم ’’رادھے‘‘ میں سلومیاں کے علاوہ اداکارہ دیشا پٹانی، جیکی شروف، رندیپ ہوڈا مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جب کہ پربھو دیوا نے فلم کی ہدایات دی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں