50

فخر زمان کو محنت کا صلہ مل گیا، ٹی 20 ٹیم میں شامل

شرجیل کا کم بیک خطرے میں پڑگیا،شاداب کا خلا زاہد محمود پْرکریں گے
 فوٹو: فائل

شرجیل کا کم بیک خطرے میں پڑگیا،شاداب کا خلا زاہد محمود پْرکریں گے
فوٹو: فائل

 لاہور:  فخرزمان کومحنت کا صلہ مل گیا،انھیں جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے ٹی20 سیریز کیلیے ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

فخر زمان کو صرف جنوبی افریقہ سے ون ڈے سیریز کیلیے منتخب کیا گیا تھا، انھوں نے شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے2سنچریاں جڑ دیں، اب انھیں پروٹیز اور زمبابوے کیخلاف مجموعی طور پر 7ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے بھی قومی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

گزشتہ سیریز میں عمدہ فارم کا مظاہرہ کرنے والے اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان کے ساتھ کم بیک کے منتظر شرجیل خان پہلے سے موجود ہیں، اب اوپنرز کی تعداد 4ہوگئی،ان کی موجودگی میں شرجیل خان کا کم بیک بھی خطرے میں پڑگیا۔

دوسری طرف انجرڈآل راؤنڈر شاداب خان کی جگہ زاہد محمودکو قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا، لیگ اسپنر ابتدائی طور پر صرف ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ تھے، ٹیم مینجمنٹ نے فخرزمان کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرنے کی درخواست کرتے ہوئے بطور شاداب خان متبادل زاہد محمود کو طلب کیا تھا، قومی سلیکشن کمیٹی نے دونوں تبدیلیوں کی منظوری دیدی۔

جنوبی افریقہ سے4ٹی ٹوئنٹی میچز 10 سے 16اپریل تک شیڈول ہیں، زمبابوے کیخلاف 3مختصر فارمیٹ کے میچز پر مشتمل سیریز 21 سے 25 اپریل تک ہرارے میں ہوگی۔

یاد رہے کہ اسٹار جنوبی افریقی کرکٹرز کی آئی پی ایل کیلیے رخصتی پر بی ٹیم پاکستان کے مقابل ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں