12

وزيراعلی بلوچستان اورصالح بھوتانی ميں مفاہمت کے لیے پارٹی اركان متحرک

 بعض اتحادی جماعتوں کے وزراء اور مشیروں کے محکموں میں بھی تبدیلی کا امکان ہے۔(فوٹو:فائل)

بعض اتحادی جماعتوں کے وزراء اور مشیروں کے محکموں میں بھی تبدیلی کا امکان ہے۔(فوٹو:فائل)

وزيراعلی بلوچستان اورصالح بھوتانی ميں معاملات بہتر كرنے کے لیے پارٹی اركان متحرک ہوگئے ہیں،

ایکسپریس نیوز کے مطابق بلوچستان کابینہ میں بعض وزراء کے محکموں میں تبدیلی کا امکان ہے، جب کہ سابق صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح بھوتانی اور وزیراعلی کے درمیان معاملات بہتر بنانے کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے بعض ارکان متحرک ہوگئے ہیں، جو وزیراعلی اور سابق وزیر کے درمیان پائے جانے والے تحفظات اور شکایات کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق بعض اتحادی جماعتوں کے وزراء اور مشیروں کے محکموں میں تبدیلی کا امکان ہے، اس حوالے سے جلد اتحادیوں اور پارٹی راہنماؤں سے مشاورت بھی کی جائے گی، محکموں میں تبدیلی کا مطالبہ اتحادی جماعتوں کی جانب سے کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا۔ اور سینیٹ انتخابات کے دوران بھی اتحادیوں کو کابینہ میں شامل بعض وزراء اور مشیروں کے محکموں میں تبدیلی کی یقین دھانی کرائی گئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے عبدالخالق ہزارہ جو مشیر کھیل ہیں کو کھیل و ثقافت کی مکمل وزارت دئیے جانے کا امکان ہے، اسی طرح بی این پی عوامی کے میر اسد بلوچ کا محکمہ بھی تبدیل کیا جارہا ہے، بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی لالہ رشید کو مشیر جب کہ صوبائی مشیر حاجی محمد خان لہڑی کو محکمہ صحت کو قلمدان دئیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق بی اے پی کے جن وزراء کے محکموں میں تبدیلی کی جارہی ہے انہیں جلد اس حوالے سے اعتماد میں لیا جائے گا۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں