47

چھ سالہ بچے کو ٹرین سے بچانے کی سنسنی خیز ویڈیو وائرل

بھارت میں ریلوے پوائنٹ مین نے جان پر کھیل کر ایک بچے کو ٹرین حادثے سے بچالیا (فوٹو: فائل)

بھارت میں ریلوے پوائنٹ مین نے جان پر کھیل کر ایک بچے کو ٹرین حادثے سے بچالیا (فوٹو: فائل)

مہاراشٹر: بھارت میں 30 سالہ ریلوے ملازم نے جان پر کھیل کر چھ سالہ بچے کو ریل کی زد میں آنے سے بچالیا جس کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہونے کے بعد ملازم کی تعریف کی جارہی ہے۔

29 سیکنڈ کی ویڈیو ممبئی کے مرکزی ریلوے ڈویژن نے جاری کی جو سیکیورٹی کیمرے میں ریکارڈ ہوگئی۔ اس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نابینا خاتون کا بیٹا پلیٹ فارم سے لڑھک کر پٹڑی پر جاگرتا ہے اور تھوڑی دیر میں تیزرفتار ٹرین نمودار ہوتی ہے۔ ریلوے پوائنٹس مین دوڑتا ہوا اس بچے کو اٹھا کر پلیٹ فارم پر رکھتا ہے اور تیزی سے اوپر چڑھ جاتا ہے۔

چند سیکنڈ کی تاخیر اس بچے کی حتمی موت کی وجہ بن سکتی تھی لیکن اس بچے کی جان کو بچالیا گیا۔ یہ ٹرین تھانے کے علاقے میں پلیٹ فارم تک پہنچ رہی تھی۔

30 سالہ میور شلکے ونگانی ریلوے اسٹیشن پر تیزرفتار ٹرین کو آتا دیکھ کر بچے کی جانب دوڑا۔ یہ اعصاب کا مظاہرہ تھا کیونکہ معمولی تاخیر خود میور اور بچے کی جان لے سکتی تھی۔

میور نے کہا کہ  ’ایک موقع پر مجھے احساس ہوا کہ شاید میں بچے تک نہیں پہنچ سکوں گا لیکن پھر مجھے اس کی جان بچانے کا خیال آیا اور میں نے رفتار تیز کردی۔ پھر میں دوبارہ سست ہوگیا اور پٹڑی سے ہٹ گیا لیکن آخری مرتبہ کوشش کی اور آخرکار بچے کو اٹھا ہی لیا جبکہ چند سیکنڈ بعد ٹرین تیزی سے گزری۔‘

اس بہادری پر وزیرِ ریلوے نے بھی انہیں سراہا ہے اور اپنی ٹویٹ میں میور کی ہمت کی داد دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں