43

کراچی میں بھی کورونا کا برطانوی ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے، وزیر صحت

عید کی شاپنگ میں وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا خدشہ موجود ہے، عذرا پیچوہو (فوٹو: فائل)

عید کی شاپنگ میں وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا خدشہ موجود ہے، عذرا پیچوہو (فوٹو: فائل)

 کراچی: وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں کے بعد سندھ میں بھی کورونا وائرس کے ’’یوکے ویرینٹ‘‘ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں سامنے آنے والے کورونا کے نئے کیسز میں سے آدھے کیسز میں کورونا کی نئی برطانوی قسم پائی گئی ہے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ جینومیک اسٹڈی کے تحت 50 فیصد سیمپلز میں ’’یو کے ویرینٹ‘‘ کی تصدیق ہوئی ہے۔ کورونا وائرس کا یہ ویرینٹ بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور قدرے خطرناک بھی ہے۔

وزیر صحت سندھ کا کہنا تھا کہ عید کی وجہ سے شاپنگ اور دیگر خریداری کے دوران رش کے اوقات میں وائرس کے تیزی سے پھیلنے کا خطرہ ہے۔ اس لیے عوام رش کے دوران احتیاط سے کام لیں اور ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں۔

سندھ کی وزیر صحت نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کے لیے مختص سینٹرز افطاری کے بعد بھی کھلے رہیں گے۔ 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد خود کو 1166 پر رجسٹرڈ کر کے ویکسین لگوائیں تا کہ وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں