43

ہالی ووڈ اداکارہ جاڈا ول اسمتھ کی حجاب میں تصویر وائرل

محض ایک دن میں جاڈا کی تصویر کو 8 لاکھ 11 ہزار سے زائد لوگ لائک کرچکے ہیں، فوٹوانسٹاگرام

محض ایک دن میں جاڈا کی تصویر کو 8 لاکھ 11 ہزار سے زائد لوگ لائک کرچکے ہیں، فوٹوانسٹاگرام

لاس اینجلس: ہالی ووڈ سپر اسٹار ول اسمتھ کی اہلیہ اور اداکارہ وگلوکارہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ کی حجاب میں تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

معروف امریکی اداکارہ، گلوکارہ، پروڈیوسر، میزبان اور ہالی ووڈ کے سپراسٹار ول اسمتھ کی اہلیہ جاڈا پنکیٹ اسمتھ نے حجاب میں تصویر شیئر کرکے اپنے مسلم مداحوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا۔ جاڈا نے پیچ کلر کے حجاب میں اپنی سیلفی انسٹاگرام پر شیئر کی اور لکھا مجھے لگتا ہے مشرق وسطیٰ میں مجھ پر پیچ کلر جچتا ہے۔

جاڈا اسمتھ کے اس کیپشن سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اس وقت مشرق وسطیٰ کے کسی ملک میں موجود ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کی تصویر کو بے حد پسند کیا جارہا ہے اور محض ایک دن میں جادا کی تصویر کو 8 لاکھ 11 ہزار سے زائد لوگ لائک کرچکے ہیں۔

جاڈا اسمتھ کے مداحوں نے مسلم ثقافت کو اپنانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ جہاں بہت ساری مشہور شخصیات نے جاڈا اسمتھ کی تصویر کو پسند کیا وہیں پریانکا چوپڑا نے بھی ان کی تصویر پر کمنٹ کرکے انہیں خوبصورت قرار دیا۔ لوگوں نے ان کی تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے انہیں رمضان کی مبارکباد بھی دی۔

یاد رہے 5 روز قبل بھی جاڈا اسمتھ نے اپنی حجاب میں ملبوس تصاویر شیئر کی تھیں۔

ماضی میں جاڈا اسمتھ کسی بھی مذہب سے وابستہ ہونے کی تردید کرچکی ہیں۔ 2017 میں انہوں مختلف ٹوئٹس کے ذریعے بتایا تھا کہ وہ کسی بھی مذہب کو نہیں مانتیں لیکن ان کی زندگی میں مختلف مذاہب کے پہلو شامل ہیں۔ انہوں نے لکھا تھامیں نے ہیکل سینا میں موم بتیاں روشن کیں لیکن میں یہودی نہیں۔ میں نے پوری دنیا کی مساجد میں نماز پڑھی ہے لیکن میں مسلمان نہیں ہوں۔

انہوں نے مزید لکھا تھا میں نے بھگود گیتا پڑھی ہے لیکن میں ہندو نہیں ہوں۔ میں نے زمین پر موجود کچھ مندروں میں دھیان لگایا لیکن میں بدھسٹ نہیں ہوں۔ انہوں نے لکھا تھا میں انسانی مہربانی پر یقین رکھتی ہوں اور میرا اس بات پر یقین ہے کہ ہم میں سے ہر ایک کو یہ طے کرنے کا حق ہے کہ ہم کیا ہیں اور کیا نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں